پی آئی اے فضائی میزبانوں پر دورانِ ڈیوٹی سگریٹ لے جانے کی نئی پابندی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے فضائی میزبانوں کے دورانِ ڈیوٹی سگریٹ لے جانے سے متعلق نئی پابندی عائد کردی، خلاف ورزی پر معطلی یا فلائنگ ڈیوٹی سے ہٹانے سمیت کارروائی کی جائے گی۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق ایک فضائی میزبان دورانِ فلائنگ ڈیوٹی زیادہ سے زیادہ ایک سگریٹ پیکٹ، یعنی 20 سگریٹ اپنے ساتھ لے جا سکے گا۔ مقررہ حد سے زیادہ سگریٹ لے جانے پر متعلقہ فضائی میزبان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
سرکلر میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام فضائی میزبانوں کو پرواز کی روانگی سے قبل ہونے والی بریفنگ کے دوران نئی پابندی سے آگاہ کیا جائے تاکہ ضابطے پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں فضائی میزبان کو معطل کرنے یا فلائنگ ڈیوٹی سے ہٹانے کا اقدام بھی کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملتان سے جدہ جانے والی پرواز کے پانچ فضائی میزبانوں سے مبینہ طور پر بڑی تعداد میں سگریٹ کے پیکٹس برآمد ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد پانچوں فضائی میزبانوں کے خلاف پی آئی اے کے شعبہ ہیومن ریسورسز میں تحقیقات جاری ہیں۔



