میر رضا علی قتل کیس: جوڈیشل کمیشن کی مدت ختم، کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت کی جانب سے میر رضا علی کے قتل کیس کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت ختم ہوگئی، جس کے بعد کمیشن نے کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کمیشن کی مدت گزشتہ روز ختم ہوچکی ہے۔ کمیشن نے اپنی مدت میں 15 اکتوبر تک توسیع کے لیے سندھ حکومت کو درخواست ارسال کی تھی۔
حکم نامے کے مطابق سندھ حکومت کے فوکل پرسن نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ مدت میں توسیع کی سمری وزیراعلیٰ سندھ نے منظور کرتے ہوئے حتمی فیصلے کے لیے سندھ کابینہ کو بھجوا دی ہے۔
تحریری حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کابینہ کا اجلاس یکم اکتوبر کو متوقع ہے، اس لیے کمیشن کی کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کرنا مناسب ہے۔
کمیشن نے واضح کیا کہ اگر سندھ کابینہ نے مدت میں توسیع کی منظوری نہ دی تو مزید گواہان کو طلب نہیں کیا جائے گا اور اب تک ریکارڈ کیے گئے بیانات اور دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر رپورٹ جلد مرتب کرکے جمع کرا دی جائے گی۔
دوسری جانب اگر کمیشن کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی گئی تو گواہان کو نئے نوٹسز جاری کیے جائیں گے، جبکہ تین سینئر پولیس افسران کو بھی سوالنامے ارسال کیے جائیں گے۔



