پی ٹی آئی لانگ مارچ مؤخر، خیبرپختونخوا سے اسلام آباد جانے والے راستے کھول دیے گئے


پشاور(جانوڈاٹ پی کے) تحریک انصاف کا لانگ مارچ مؤخر کیے جانے کے بعد خیبرپختونخوا سے اسلام آباد جانے والے بیشتر راستے ٹریفک کے لیے بحال کر دیے گئے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد سے پشاور اور پشاور سے اسلام آباد دونوں اطراف ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 14 ہکلہ تا کنڈل پر بحالی کا کام تاحال جاری ہے، جبکہ ایم ون سے ہزارہ موٹروے کو ملانے والے لوپ پر بھی بحالی کا کام جاری ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ این فائیو اسلام آباد تا پشاور بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہو چکی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں ریڈ زون کے اطراف بڑی تعداد میں کنٹینرز تاحال موجود ہیں۔