اردوان کی اسرائیلی وزیراعظم پر تنقید، نسل کشی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

انقرہ(ویب ڈیسک) ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسل کشی کے ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
استنبول میں بزنس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ جنگی جرائم کے مرتکب افراد کو اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرنے کے بجائے عدالتوں میں پیش ہونا چاہیے، جہاں انہیں اپنے اقدامات اور بہائے گئے خون کا جواب دینا ہوگا۔
ترک صدر نے کہا کہ اگر نسل کشی کے ذمہ داروں کو انصاف اور تاریخ کے سامنے جواب دہ نہ بنایا گیا تو ایسے مظالم دوبارہ رونما ہونے کا خدشہ رہے گا۔
اردوان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام تنہا اور بے سہارا نہیں ہیں، غزہ میں موجود فلسطینی اپنے حقوق اور انصاف کے حصول کی جدوجہد میں اکیلے نہیں۔ ترکیے اپنی استطاعت کے مطابق حقائق بیان کرتا رہے گا اور مظلوموں کی آواز بنتا رہے گا۔
ترک صدر نے ملک کی معاشی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیے گزشتہ 24 سہ ماہیوں سے مسلسل اقتصادی ترقی کر رہا ہے اور اس وقت دنیا کی 16ویں بڑی معیشت ہے۔ ان کے مطابق 2002 میں برآمدات کرنے والی ترک کمپنیوں کی تعداد تقریباً 33 ہزار تھی جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 68 ہزار ہوچکی ہے۔



