وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں فلسطین کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا، عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران فلسطینی عوام کے حق میں دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے فلسطین کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔
کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی اور فلسطین کے مسئلے کو عالمی فورم پر اجاگر کیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری کے سامنے فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کے لیے انصاف کی ضرورت پر واضح مؤقف پیش کیا، جبکہ فلسطینی نمائندوں سمیت دنیا بھر میں ان کے خطاب کو سراہا گیا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے فلسطینی عوام کے لیے جذبات صرف بیانات تک محدود نہیں، بلکہ پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کے لیے امدادی سامان بھی بھجوایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں طبی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھی کردار ادا کیا ہے اور متعدد فلسطینی طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اسلاموفوبیا کی بھی مذمت کی اور فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کا مؤقف واضح طور پر پیش کیا۔
دوسری جانب عطا تارڑ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا۔



