کے پی اسمبلی ارکان کی گرفتاری، سپیکر کی پیشگی اجازت لازمی قرار

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارکانِ صوبائی اسمبلی کی گرفتاری اور حراست سے متعلق قانونی طریقہ کار واضح کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی رکنِ صوبائی اسمبلی کو گرفتار یا حراست میں لینے سے قبل سپیکر اسمبلی سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازم ہوگا۔ مجسٹریٹ کی جانب سے حکم جاری ہونے کی صورت میں بھی رکن اسمبلی کی گرفتاری سپیکر کی اجازت کے بعد ہی عمل میں لائی جائے گی۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق رکن اسمبلی کی گرفتاری کی وجوہات سپیکر کو فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ گرفتاری سے متعلق تفصیلات بھی مقررہ فارم کے ذریعے سپیکر اسمبلی کو ارسال کرنا ضروری ہوگا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سپیکر عوامی مفاد میں پولیس رپورٹ یا چالان طلب کر سکتے ہیں، جبکہ عدالت میں چالان پیش کیے جانے سے قبل سپیکر معاملے کی انکوائری بھی کر سکتے ہیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ارکان اسمبلی کی گرفتاری سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں اور گرفتاری یا حراست کے دوران سپیکر کے استحقاق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

پولیس حکام کو اسمبلی ارکان کی گرفتاری سے متعلق طے شدہ قانونی طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button