وزیر داخلہ سندھ کا حیدرآباد میں ہندو تاجر کے قتل کا نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں بنانے کی ہدایت


کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے حیدرآباد میں ہندو تاجر نریش کمار کوہستانی کی گولیاں لگی لاش ملنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
وزیر داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی حیدرآباد سے واقعے کی مکمل تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قتل کے واقعے کی ہر پہلو سے شفاف اور میرٹ پر تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد محفوظ کرنے اور فرانزک و تفتیشی امور مؤثر انداز میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور گرفتاری تک تفتیشی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش مکمل کی جائے۔