اسلام آباد میں احتجاج کا راستہ روکنے کا فیصلہ، طاقت استعمال ہوئی تو سہولتیں ختم ہوں گی، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے اسلام آباد میں احتجاج کے نام پر ہونے والے تماشے کو ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پالیسی فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی کو احتجاج کے لیے اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو 9 مئی کے بعد ملنے والی تمام سہولتیں ختم کردی جائیں گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ معطل کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ بزدلی کی وجہ سے لانگ مارچ اور دھرنوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے تحریک انصاف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو لانگ مارچ کریں۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر دہشت گردوں کی سہولت کاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت افغان طالبان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی سہولت کاری کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف ٹی ٹی پی کی بی ٹیم اور ٹی ٹی اے کی سی ٹیم ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سیاسی رہنما سے زیادہ کالعدم تنظیم کے کمانڈر نظر آتے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مائننگ کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈنگ کی جاتی ہے اور اس کے باوجود تحریک انصاف خود کو سیاسی جماعت قرار دیتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button