کانگو میں فوجی کارگو طیارہ تباہ، سوار تمام 14 افراد ہلاک

کنشاسا (ویب ڈیسک) وسطی افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں فوجی کارگو طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 14 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
کوانگو کے نائب گورنر ریمی ساکی بوکیندا کے مطابق طیارہ جنوب مغربی شہر کیک وٹ سے دارالحکومت کنشاسا جا رہا تھا کہ فنی خرابی کے باعث صوبہ کوانگو کے شہر کینج میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی، تاہم وہاں رن وے موجود نہ ہونے کے باعث طیارہ رہائشی علاقے میں جا گرا۔
کانگو کی فوج کے مطابق طیارے میں فوجی عدالت کے سربراہ، فوج کے آڈیٹر جنرل جنرل لکیولیا باکومی، ایک میجر، ایک کیپٹن، دیگر فوجی اہلکار اور شہری سوار تھے۔
حکام کے مطابق حادثے میں 12 افراد کی لاشیں جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہوگئیں، جبکہ پائلٹ کی لاش طیارے کے ملبے سے باہر سے ملی۔
کانگو کی حکومت نے بتایا ہے کہ فضائی حادثات کی تحقیقات کرنے والی متعلقہ اتھارٹی نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ طیارہ ملک کے شمالی علاقے میں فوجی سازوسامان پہنچانے کے مشن پر تھا، جہاں فوج مسلح تنظیموں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ کانگو کی فوج گزشتہ سال سے ملک کے مشرقی علاقوں میں متعدد باغی گروپوں کے خلاف لڑ رہی ہے، جن میں روانڈا کی حمایت یافتہ ایم 23 باغی تنظیم بھی شامل ہے۔ باغیوں نے مشرقی کانگو کے وسیع علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران ایم 23 کے ساتھ لڑائی میں کانگو کی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔



