ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی، سیلابی صورتحال کا خدشہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی، جبکہ مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بارش متوقع ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
این ای او سی کے مطابق 30 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد اور مری سمیت مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



