عوامی مسائل کا حل منتخب نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، شرجیل میمن

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عوام سے رابطہ رکھنا، ان کے مسائل سننا اور حل کے لیے عملی اقدامات کرنا منتخب نمائندوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

حلقہ انتخاب کی عوام کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور مقامی مسائل کے حل کے لیے ضروری پیروی کی جائے گی۔

سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جبکہ متعدد عوامی فلاحی منصوبے مکمل بھی کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیحات میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صحت، تعلیم، صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری شامل ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کا مقصد شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ عوامی ضروریات اور مقامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔

عشائیے کے دوران حلقہ انتخاب کے معززین اور شہریوں نے شرجیل میمن سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، جس پر صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں سے ضروری رابطہ اور پیروی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button