شاہ رخ خان مشکل وقت میں ہمت نہیں ہارتے، امیتابھ بچن نے راز کھول دیا

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی مشکلات کا سامنا کرنے اور مسلسل آگے بڑھنے کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی صلاحیت کو بھی نمایاں قرار دیا ہے۔

یہ گفتگو ’کون بنے گا کروڑ پتی سیزن 18‘ کی تازہ قسط میں اداکار راج کمار راؤ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے دوران ہوئی۔

پروگرام میں راج کمار راؤ نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کم عمری میں ہی انہوں نے اداکاری کو اپنا پیشہ بنانے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ کے کمرے میں امیتابھ بچن کا پوسٹر لگا ہوا تھا اور طویل عرصے تک وہ ان کے لیے مثالی اداکار رہے۔

راج کمار راؤ نے شاہ رخ خان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ممبئی میں اپنے ابتدائی برسوں کے دوران وہ اس بات سے متاثر تھے کہ دہلی کے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے تھیٹر اور ٹیلی ویژن سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں بالی ووڈ میں اپنی الگ شناخت قائم کی۔

اداکار نے بتایا کہ وہ شاہ رخ خان سے اپنی عقیدت کے اظہار کے لیے اکثر ان کے گھر ’منت‘ کے باہر بھی کھڑے ہوا کرتے تھے۔

راج کمار راؤ کی گفتگو کے بعد امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان ان لوگوں میں شامل ہیں جو مشکل حالات میں آسانی سے ہمت نہیں ہارتے۔

امیتابھ بچن کے مطابق شاہ رخ خان کی ایک نمایاں خوبی یہ بھی ہے کہ وہ اپنے آس پاس موجود لوگوں کا حوصلہ بڑھاتے ہیں اور مشکل وقت میں ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button