مصر کا امریکا ایران مذاکرات کی بحالی پر زور، آبنائے ہرمز اور باب المندب میں کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ

قاہرہ (جانو ڈاٹ پی کے) مصر نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے اور آبنائے ہرمز و باب المندب میں جاری کشیدگی کم کرنے پر زور دے دیا۔مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور عمانی وزیر خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مصری وزارت خارجہ کے مطابق بدر عبدالعاطی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایسے اقدامات اور تجاویز پر بات کی جن کا مقصد کشیدگی پر قابو پانے اور خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔مصری وزیر خارجہ نے بین الاقوامی بحری آمدورفت کی آزادی اور محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممالک کی جانب سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔بدر عبدالعاطی کے مطابق بحران کے عالمی معیشت پر منفی اثرات کو محدود کرنا بھی ضروری ہے، جبکہ آبنائے ہرمز اور باب المندب میں کشیدگی میں کمی خطے اور عالمی تجارت کے لیے اہم قرار دی گئی ہے۔مصر کی جانب سے یہ سفارتی رابطے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور اہم بحری راستوں میں کشیدگی کے باعث عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل سے متعلق خدشات برقرار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button