ایران کو پروازوں سے روکا تو خطے میں کسی کی پرواز محفوظ نہیں رہے گی، محمد مخبر کی دھمکی

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کو پروازوں اور ایئرپورٹ سہولیات سے محروم کیا گیا تو خطے کے دیگر ممالک کی فضائی سرگرمیاں بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔
محمد مخبر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اگر ایران کو پروازیں چلانے اور ایئرپورٹ سروسز تک رسائی کی اجازت نہیں دی گئی تو خطے کے کسی بھی ملک کو یہ سہولیات حاصل نہیں رہیں گی۔
ایرانی رہنما کے مشیر نے کہا کہ خطے میں پروازیں سب کے لیے کھلی ہوں گی یا کسی کے لیے نہیں ہوں گی۔ انہوں نے امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف مبینہ طور پر دشمنانہ پالیسیوں پر عمل کرنے والے ممالک کو بھی خبردار کیا اور کہا کہ ایرانی عوام ایسے رویوں کو فراموش نہیں کریں گے۔محمد مخبر نے مزید کہا کہ ایران فضائی سفر کے معاملے میں کسی امتیازی اقدام کو قبول نہیں کرے گا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران خطے میں فضائی سرگرمیوں کو کس طرح متاثر کرسکتا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی پابندیوں کے بعد ایرانی ایئرلائنز کو خطے کے متعدد ممالک میں آپریشنز اور ایئرپورٹ سروسز کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ عراق کے نجف ایئرپورٹ نے بھی ایران آنے اور جانے والی تمام پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کردی ہیں، جبکہ عراقی کردستان کے اربیل اور سلیمانیہ ایئرپورٹس سے بھی ایرانی پروازیں معطل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات سمیت بعض دیگر ممالک نے بھی ایرانی ایئرلائنز کے آپریشنز پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ امریکا نے ایرانی ایئرلائنز کے ساتھ کاروبار کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں پر بھی پابندیوں کی پالیسی اختیار کی ہے، جس کے نتیجے میں ایندھن، گراؤنڈ ہینڈلنگ، لینڈنگ اور دیگر فضائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھی خطرات کا سامنا ہے۔



