نجف ایئرپورٹ سے ایران کی تمام پروازیں معطل، بڑا فیصلہ سامنے آگیا

نجف (جانو ڈاٹ پی کے) عراق کے نجف انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایران آنے اور جانے والی تمام پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کردی ہیں۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق پروازوں کی معطلی جمعہ 25 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے سے نافذ کی گئی۔ انتظامیہ نے متعلقہ ایئرلائنز اور فلائٹ آپریشنز سے وابستہ اداروں کو متاثرہ پروازوں سے متعلق تمام سرگرمیاں روکنے کی ہدایت کردی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پروازوں کی بحالی سے متعلق نئی ہدایات موصول ہونے پر متعلقہ فضائی کمپنیوں کو آگاہ کردیا جائے گا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایت میں معطلی کی براہِ راست وجہ بیان نہیں کی گئی۔نجف سے ایرانی پروازوں کی معطلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عراق کے دیگر ہوائی اڈوں پر بھی ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ روئٹرز کے مطابق بغداد کے بعد نجف، اربیل اور سلیمانیہ سے بھی ایران آنے اور جانے والی پروازوں کی معطلی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔اس سے قبل عراق نے بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی پروازیں روکنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ ابتدائی طور پر بغداد جانے والی ایرانی پروازوں کو نجف منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا تھا۔رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت ایرانی ایئرلائنز کے خلاف امریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد سامنے آئی ہے۔ امریکی حکام نے خبردار کیا تھا کہ ایرانی فضائی کمپنیوں کو ایندھن، لینڈنگ، گراؤنڈ ہینڈلنگ یا دیگر ہوائی اڈے کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو بھی پابندیوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔نجف ایئرپورٹ ایران سے آنے والے مسافروں کے لیے اہم فضائی مرکز ہے، خصوصاً نجف اور کربلا کے مذہبی مقامات کا رخ کرنے والے زائرین کے لیے۔ پروازوں کی معطلی سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی سفر اور زائرین کی آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ہے۔



