بحرالکاہل میں خطرناک طوفان نولو بن گیا، کیٹیگری 3 تک شدت اختیار کرنے کا خدشہ

ہونولولو (جانو ڈاٹ پی کے)بحرالکاہل میں بننے والا سمندری طوفان نولو شدت اختیار کرتے ہوئے کیٹیگری 1 کے ہریکین میں تبدیل ہوگیا، امریکی میڈیا نے ہفتے کے اختتام تک طوفان کے کیٹیگری 3 تک پہنچنے کا امکان ظاہر کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق طوفان نولو امریکی ریاست ہوائی کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث شدید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ہوائی میں طوفان کے پیش نظر ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے جبکہ ریاست کے بگ آئی لینڈ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے ساحلی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔حکام کی جانب سے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



