شہباز شریف سے پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات،آغا خان نیٹ ورک کا تعاون مزید وسعت دینے کا اعلان

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کی پرنس رحیم آغا خان پنجم سے اہم ملاقات، پاکستان اور اے کے ڈی این کے درمیان تعاون مزید وسیع کرنے پر اتفاق، امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے درمیان دیرینہ شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورۂ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہتے ہوئے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہا اور خدمتِ خلق اور شہری شمولیت کی روایت کو قابلِ قدر قرار دیا۔ملاقات میں اے کے ڈی این سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت کے ذریعے معاشی خودمختاری کے فروغ میں خدمات کو بھی سراہا گیا۔وزیراعظم نے صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان اور اے کے ڈی این کے درمیان دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انسانی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدہ دورے کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ کئی دہائیوں سے قائم دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button