شہرِ اقتدار کنٹینرز کے حصار میں، لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے ایک ارب روپے مانگ لیے گئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)لانگ مارچ اور دھرنوں کا خوف؟ شہرِ اقتدار ایک ہفتے سے کنٹینرز کے حصار میں، وفاقی پولیس نے سیکیورٹی انتظامات کے لیے وزارت داخلہ سے ایک ارب روپے مانگ لیے۔

سیاسی جماعتوں کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں، جبکہ شہرِ اقتدار گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف مقامات پر کنٹینرز کی رکاوٹوں میں گھرا ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس نے اضافی سیکیورٹی اخراجات پورے کرنے کے لیے وزارت داخلہ سے ایک ارب روپے کے فنڈز طلب کیے ہیں۔ یہ رقم کنٹینرز کے کرائے، پولیس اہلکاروں کی رہائش اور کھانے، ریت کی بوریوں، آنسو گیس اور دیگر سیکیورٹی سامان کی خرید و فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔

ادھر راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔ پولیس نے فیض آباد کے مسافر خانے، بس اڈے، دکانیں اور ہوٹلز رات تک بند رکھنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

سیکیورٹی اقدامات کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں شہریوں کو آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ممکنہ احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button