کمشنر میرپورخاص کا سول اسپتال مٹھی کا اچانک دورہ، مریضوں سے طبی سہولیات پر معلومات لیں

تھرپارکر (جانو ڈاٹ پی کے)ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شہمیر خان بھٹو نے تھرپارکر کے ایک روزہ دورے کے دوران سول اسپتال مٹھی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں سے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کو ہدایت کی کہ اسپتال کے بجٹ، مریضوں، ادویات اور دیگر اخراجات کی تفصیلات جمع کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے کر جامع رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اسپتال کے انتظامی اور مالی مسائل کو حل کرنا اور مریضوں کو بروقت و بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
سول اسپتال مٹھی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شاہد حسین جنجھی نے کمشنر کو اسپیشلسٹ مرد و خواتین ڈاکٹروں کی کمی سے آگاہ کیا۔ ان کے مطابق اسپتال میں روزانہ 12 سے 13 او پی ڈی کیسز آتے ہیں، جبکہ آٹھ وارڈز، ڈائیلاسز سینٹر، فزیوتھراپی، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ساتھ ایکسرے اور دیگر تشخیصی ٹیسٹ کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایم ایس کے مطابق گائنی سمیت 220 سے زائد مریض اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں، جو اسپتال کی موجودہ گنجائش سے زیادہ تعداد ہے۔ کمشنر نے اسپتال کے مختلف شعبوں، واٹر فلٹریشن پلانٹ اور کارڈیک اسپتال کا بھی معائنہ کیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے افسران کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شہمیر خان بھٹو نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے زمین سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، سرکاری ریکارڈ میں درست اندراج یقینی بنایا جائے اور کسی شہری کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
انہوں نے وراثتی کھاتوں کے ساتھ خریدار اور فروخت کنندہ کے اندراجات کی مکمل جانچ پڑتال پر زور دیا تاکہ جعلی رجسٹریشن اور ریونیو ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کی روک تھام کی جا سکے۔
کمشنر نے مختیارکاروں اور تپیداروں کو ریونیو ریکارڈ درست رکھنے اور اسے بروقت اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فیلڈ بکس اور اراضی سروے کے ریکارڈ کی مناسب تیاری پر بھی زور دیا۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو سرکاری اور گاؤچر اراضی سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مہم شروع کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے بازاروں کے اچانک دورے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
شہمیر خان بھٹو نے کہا کہ صحت، تعلیم اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور ان شعبوں میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ سرکاری اداروں میں اصلاحات لائی جائیں اور عوام کو بہتر ماحول و سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔
کمشنر نے مٹھی میں ایشیا کے سب سے بڑے آر او پلانٹ کے بند ہونے کا بھی سخت نوٹس لیا اور حکام کو ضلع بھر کے تمام آر او پلانٹس فوری طور پر بحال کرکے ان کی فعالیت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون میرپورخاص سبھاش چندر، ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی، ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ہاشم مسعود، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



