پاکستان میں اڑھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، احسن اقبال

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تعلیم کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کا عمل بھی لازم و ملزوم ہے، جبکہ ماضی میں سیاسی عدم استحکام کے باعث کئی منصوبے تکمیل تک نہیں پہنچ سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ناخواندگی کی شرح میں کمی لاکر تعلیم کو گھر گھر تک پہنچانا ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان میں خواندگی کی شرح 63 فیصد ہے جبکہ دنیا میں یہ شرح 90 فیصد سے زائد ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً اڑھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جس کی ایک وجہ والدین میں تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی کی کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت کے معاملے میں بھی معاشرے میں لاپرواہی پائی جاتی ہے اور پاکستان میں ذیابیطس سے متاثرہ افراد کی تعداد دنیا میں نمایاں سطح پر ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ بیماری لاحق ہونے کے بعد علاج کے بجائے سماجی رویوں میں بہتری لاکر بیماریوں کی روک تھام پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح 2.55 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ان کے بقول کوئی بھی ملک اس شرح کے ساتھ پائیدار ترقی حاصل نہیں کرسکتا۔

احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ ملک کو بھوکے اور ان پڑھ بچوں کی فوج درکار ہے یا صحت مند اور تعلیم یافتہ نسل تیار کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے کی زندگی کے پہلے پانچ سال انتہائی اہم ہوتے ہیں اور اسی عرصے میں بچے کے دماغ کا بڑا حصہ نشوونما پاتا ہے۔ ان کے مطابق والدین اور معاشرے کو بچوں کے ابتدائی پانچ برسوں میں انہیں بہترین ماحول اور مناسب تربیت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button