ٹام کروز کی ’’ڈگر‘‘ کا لندن پریمیئر، شاہی جوڑی نے تقریب میں پہنچ کر رونق بڑھا دی

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کی نئی فلم ’’ڈگر‘‘ کے لندن پریمیئر نے اس وقت خاص توجہ حاصل کرلی جب شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ بھی فلم کی خصوصی تقریب میں پہنچ گئے۔
فلم کی عالمی نمائش سے قبل ہونے والی تقریب وسطی لندن کے معروف ODEON Luxe Leicester Square میں منعقد ہوئی، جہاں شاہی جوڑی نے فلم کی ٹیم اور دیگر مہمانوں سے ملاقات کی اور تقریب میں شرکت کی۔
شہزادی کیٹ نے اس موقع پر جامنی رنگ کا خوبصورت گاؤن زیب تن کیا، جبکہ ان کے گلے میں موجود ہار نے بھی خصوصی توجہ حاصل کی۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ زیور ملکہ مادر کے مشہور ایمیتھسٹ ہار سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
تقریب کے دوران ٹام کروز نے شہزادی کیٹ سے ملاقات کی اور بلیک کارپٹ پر ان کے ساتھ گفتگو بھی کی۔ فلم کے ہدایت کار الیخاندرو گونزالیز انیاریتو سمیت فلمی دنیا کی دیگر اہم شخصیات بھی پریمیئر میں شریک ہوئیں۔
سابق انگلش فٹبالر ڈیوڈ بیکھم بھی اپنے بیٹوں کے ہمراہ تقریب میں پہنچے، جس کے باعث فلم کے پریمیئر کی رونق میں مزید اضافہ ہوگیا۔
فلم ’’ڈگر‘‘ میں ٹام کروز ایک ایسے کردار میں دکھائی دیں گے جسے انہوں نے خود تخلیق کیا ہے۔ ٹام کروز کے مطابق یہ کردار کسی حقیقی شخصیت پر مبنی نہیں۔
فلم کی ہدایت کاری معروف میکسیکن فلم ساز الیخاندرو گونزالیز انیاریتو نے کی ہے، جبکہ ٹام کروز کی شرکت کے باعث ’’ڈگر‘‘ پہلے ہی عالمی سطح پر شائقین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔



