راشد محمود کی ویڈیو پر عظمیٰ بخاری متحرک، اداکار کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) سینئر اداکار راشد محمود کی بیماری اور بیروزگاری سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے انہیں ملاقات کیلئے بلا لیا۔راشد محمود نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں اپنی بیماری اور گزشتہ پانچ ماہ سے کام نہ ملنے کے بارے میں گفتگو کی، جس کے بعد ویڈیو تیزی سے وائرل ہوگئی۔وائرل ویڈیو میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ پانچ ماہ سے مہروں کی تکلیف میں مبتلا ہیں، جبکہ وہ پہلے ہی دل کے عارضے کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ سے ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔راشد محمود نے کہا کہ ”میڈیا ہم نے ایجاد کیا، ہم نے دنیا کو بتایا کہ برصغیر میں ڈرامہ کسے کہتے ہیں“۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ساری زندگی ملک اور اس کے اقتدار سے وابستہ رہ کر گزاری، لیکن اب وہ تکلیف میں ہیں اور کام بند ہے۔اداکار نے مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی دنوں بعد گاڑی میں مہنگا پیٹرول ڈلوایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کیلئے سہولت پیدا کرنی چاہیے اور عوام کو مشکلات میں ڈال کر اپنے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔راشد محمود نے حکومت سے عوام پر رحم کرنے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے راشد محمود کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا ہے، تاہم ملاقات کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔



