کھلاڑیوں کا ڈیجیٹل ڈیٹا بیس بنانے کا فیصلہ,پی ایچ ایف اور ٹیک ویلی پاکستان میں اہم معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور پاکستان میں گوگل کے باضابطہ مقامی پارٹنر ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان ہاکی کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی اور ٹیک ویلی پاکستان کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر فاروق نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے، جبکہ گوگل کے عالمی نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔

معاہدے کے تحت ٹیک ویلی پاکستان کو تین سال کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آفیشل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔

شراکت داری کے تحت پی ایچ ایف، علاقائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور سلیکشن کمیٹیوں کے درمیان ڈیجیٹل مواصلات اور ریکارڈ کی دیکھ بھال کے نظام کو جدید اور منظم بنایا جائے گا۔

منصوبے کے تحت ماضی کے میچز کی تفصیلات، کھلاڑیوں کے ریکارڈز اور انتظامی دستاویزات کو ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جائے گا، جس سے ہاکی سے متعلق معلومات تک رسائی اور ریکارڈ مینجمنٹ میں بہتری لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

معاہدے میں ڈیجیٹل پلیئر پرفارمنس اینڈ ٹیلنٹ ڈیٹا بیس کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے، جس میں گراس روٹ اور کلب ہاکی سے لے کر قومی ٹیم تک کھلاڑیوں کی کارکردگی، فٹنس اور میڈیکل ریکارڈ محفوظ کیے جائیں گے۔

فریقین کی جانب سے کوچنگ اسٹاف کو میچ فوٹیج کے تجزیے، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے اور حریف ٹیموں کے خلاف حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت اور جدید تجزیاتی ٹولز فراہم کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ایم او یو کے تحت پی ایچ ایف کے منتظمین، کوچز اور اسپورٹس مینیجرز کے لیے تربیتی اور سرٹیفکیشن پروگرام بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ علاقائی ہاکی اکیڈمیوں کو کھلاڑیوں کی رجسٹریشن اور میچ رپورٹس مرتب کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل آلات اور نظام کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button