شہباز شریف کی آئی ایم ایف سربراہ کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات، معاشی اصلاحات پر گفتگو

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، آئندہ پروگرام کے جائزے اور معاشی استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے مسلسل تعاون پر کرسٹالینا جارجیوا کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے کے درمیان تعمیری شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی تنازعات اور بیرونی مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں مالیاتی نظم و ضبط اور بیرونی مالیاتی ذخائر میں بہتری آئی ہے۔ ملاقات میں پاکستان کے آئندہ آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے اور معاشی لچک مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں جاری اصلاحات پر گفتگو کی گئی۔
کرسٹالینا جارجیوا کے مطابق اصلاحات پر مضبوط عملدرآمد نے پاکستان میں معاشی استحکام برقرار رکھنے، اعتماد بحال کرنے اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی میں مدد فراہم کی ہے۔
آئی ایم ایف سربراہ نے کہا کہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔



