پاکستانی نوجوان ملک کی قسمت بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی برادری، نوجوانوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنلز کے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
پاکستانی نوجوانوں کے وفد سے ملاقات میں صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار اور یوتھ این جی اوز سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کی دعوت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوان نسل کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم و تربیت کے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، وظائف اور کم وسائل رکھنے والے طلبہ کو دانش اسکولز کے ذریعے معیاری تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جسے اب بطور وزیراعظم پاکستان بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دانش اسکولز کے ساتھ عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر پاکستانی نوجوانوں نے نوجوانوں کی ترقی، آئی ٹی کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات اور دیگر شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز کے وفود نے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کاروباری افراد اور پروفیشنلز ملک کے سفیر ہیں اور اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ حکومت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
کاروباری وفود نے وزیراعظم کی قیادت میں زراعت، صنعت، برآمدات اور بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات کے اقدامات کو سراہا۔
ملاقاتوں میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان احمد شیخ، وزیراعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، چیئرمین اوورسیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، مینیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



