پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے شدید خطرات لاحق ہیں، محمد اورنگزیب

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید خطرات کا سامنا ہے، جبکہ سیلاب سے بنیادی ڈھانچے اور آبادیوں کو پہنچنے والے نقصانات نمایاں ہیں۔

اپنے بیان میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ قبل از وقت انتباہ کے نظام کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موسمیاتی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ بیرونی مالی معاونت کے ساتھ ملکی وسائل کو متحرک کرنا بھی ناگزیر ہے۔ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مالیاتی گنجائش کو مستحکم رکھنا ضروری ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ذریعے مالی وسائل کے حصول کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس سے بھی وسائل حاصل کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے عالمی موسمیاتی فنڈز پر زور دیا کہ موسمیاتی فنانسنگ تک رسائی آسان بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین کلائمیٹ فنڈ اور لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے طریقہ کار کو بھی مزید سادہ بنانے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موسمیاتی فنانسنگ تک رسائی کا عمل تیز کرنا ہوگا کیونکہ آفات سے نمٹنے، موسمیاتی موافقت، بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے خاطر خواہ مالی وسائل درکار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button