اقوام متحدہ پرارجنٹیناکاشدیدحملہ،”بے کار تنظیم‘‘قراردیدیا

نیویارک(جانو ڈاٹ پی کے)ارجنٹینا کے صدر ہابیئر میلی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران عالمی ادارے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ’’بے کار تنظیم‘‘ قراردیدیا۔
ہابیئر میلی نے اقوام متحدہ پر اجتماعی سلامتی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری پوری نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ امن کے بجائے افراتفری، تشدد اور بین الاقوامی دہشت گردی کے فروغ کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔
ارجنٹینا کے صدر نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کو انتہائی سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ ادارہ اب ایک ’’بے کار تنظیم‘‘ بن چکا ہے، جو ان کے بقول نیک نیت بیوروکریٹس کے روپ میں موجود ایک متکبر طبقے کی پرورش کر رہا ہے۔
میلی نے اقوام متحدہ پر ارجنٹینا کے فاک لینڈ جزائر، جنہیں ارجنٹینا میں ’’مالویناس‘‘ کہا جاتا ہے، سے متعلق دیرینہ دعوے کو نظر انداز کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔
ارجنٹینا کے صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اس تنازع میں اپنی قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد نہیں کرایا۔ انہوں نے برطانیہ اور ارجنٹینا کے درمیان جزائر کی خودمختاری کے تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر بھی زور دیا۔
فاک لینڈ جزائر پر ارجنٹینا اور برطانیہ کا تنازع طویل عرصے سے جاری ہے، جبکہ دونوں ممالک 1982 میں اس معاملے پر جنگ بھی لڑ چکے ہیں۔



