اسلام آباد سومنات نہیں، خواجہ آصف کا سخت انتباہ سامنے آگیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 سال سے ایک صوبے کو لوٹا جارہا ہے لیکن پھر بھی تسلی نہیں، ہر دوسرے دن وفاق پر حملے کی تیاری شروع کردی جاتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا کا بھی 13 سال کا حساب دینا ہوگا۔ ان کے مطابق وفاق پر بار بار حملے کی باتیں کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
وزیر دفاع نے سومنات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سومنات پر 17 حملے ہوئے تھے، گنتی کرلیں کتنے ہوگئے اور کتنے باقی ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تاریخ بتاتی ہے سومنات پر بار بار حملے کیوں ہوتے تھے، لیکن اسلام آباد سومنات نہیں، اس لیے سوچ سمجھ کر آنا، کچھ لے کر نہیں بلکہ دے کر جاؤ گے۔
خواجہ آصف اس سے قبل بھی اسلام آباد کو سومنات بنانے سے متعلق بیان پر ردعمل دے چکے ہیں اور کہہ چکے ہیں کہ وفاق اسلام آباد کا دفاع پوری قوت سے کرے گا۔



