محمد رضوان تنازع میں نیا موڑ،دی پنڈیز نے مبینہ بیان مستردکردیا

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) محمد رضوان اور این سی سی آئی اے سے متعلق معاملے میں نیا موڑ آگیا، پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز دی پنڈیز نے اپنے مالک احسان طاہر سے منسوب بیان کو مکمل طور پر جعلی قرار دے دیا۔
فرنچائز کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ احسان طاہر نے محمد رضوان اور این سی سی آئی اے کے معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا، جبکہ ان سے منسوب کرکے شائع کیے جانے والے بیانات من گھڑت ہیں۔
دی پنڈیز نے متعلقہ میڈیا ادارے سے فوری طور پر مبینہ بیان واپس لینے، واضح تصحیح جاری کرنے اور عوامی طور پر معذرت کرنے کا مطالبہ کردیا۔
فرنچائز نے خبردار کیا کہ احسان طاہر سے منسوب بیان کی غیر مجاز اشاعت اور غلط نسبت کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ دی پنڈیز نے احسان طاہر اور فرنچائز کی ساکھ کے تحفظ کے لیے مناسب قانونی کارروائی کا حق بھی محفوظ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔



