خان یونس میں بڑا فضائی حملہ، حماس کے مالیاتی سربراہ کو نشانہ بنانے کا اسرائیلی دعویٰ

خان یونس (جانو ڈاٹ پی کے) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے کے دوران حماس کے مالیاتی شعبے کے سربراہ محمد ابو علوان کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کے دفتر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج اور داخلی انٹیلی جنس ادارے نے ایک ’’درست کارروائی‘‘ کے ذریعے محمد ابو علوان کو نشانہ بنایا۔
بیان میں اس کارروائی کو اسرائیلی سکیورٹی اداروں کی اہم کامیابی قرار دیا گیا، تاہم حماس کی جانب سے تاحال اسرائیلی دعوے کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔دوسری جانب ناصر میڈیکل کمپلیکس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے میں ایک گاڑی کو اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جاں بحق ہوئے۔تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ المواسی میں گاڑی پر ہونے والا حملہ وہی کارروائی تھی جس کا حوالہ اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع کے مشترکہ بیان میں دیا گیا ہے۔غزہ کے دیگر علاقوں سے بھی اسرائیلی حملوں میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔



