برطانوی امیگریشن ٹیم کا پاکستانی ایئرپورٹس پر ایکشن، سوالات کے بعد کئی مسافر آف لوڈ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) برطانوی امیگریشن ٹیم کے دورۂ پاکستان کے دوران لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر مسافروں کی جانچ پڑتال کے معاملے نے توجہ حاصل کرلی، برطانوی حکام نے برطانیہ جانے والے مسافروں سے خود سوالات کیے اور ذرائع کے مطابق تسلی بخش جوابات نہ ملنے پر کئی مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق برطانوی امیگریشن ٹیم کے ہمراہ برطانوی سفارت خانے کے بعض اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ ٹیم نے پی آئی اے کی پرواز پی کے 757 کے مسافروں کے چیک اِن سمیت مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق امیگریشن ٹیم نے مسافر علی عمران سمیت دیگر مسافروں سے براہ راست سوالات کیے، تاہم جن مسافروں کے جوابات سے حکام مطمئن نہیں ہوئے، انہیں پرواز پر سوار ہونے سے روک دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی نوعیت کا واقعہ ہے، جس میں ایک غیر ملکی امیگریشن ٹیم نے پاکستان کے ایئرپورٹ پر مسافروں کی جانچ کے عمل کا اس انداز میں جائزہ لیا۔پی آئی اے، سول ایوی ایشن اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے متعلقہ افسران نے واقعے سے متعلق رپورٹس اپنے اعلیٰ حکام کو ارسال کردی ہیں۔برطانوی امیگریشن حکام نے پاکستان سے برطانیہ جانے والی براہ راست پروازوں، مسافروں کی امیگریشن، ایئرپورٹ سہولیات اور کارگو سے متعلق امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ پاکستانی حکام نے برطانوی ٹیم کو اپنے اپنے اداروں کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔برطانوی امیگریشن ٹیم اپنے دورے کے دوران کراچی ایئرپورٹ کا بھی دورہ کرے گی، جس کے بعد دورے کی مفصل رپورٹ متعلقہ برطانوی ادارے کو پیش کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں نشاندہی کی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لیے ایئرلائنز سمیت متعلقہ اداروں کو اقدامات کرنا ہوں گے۔



