برطانیہ میں دوسری جنگِ عظیم کا بم برآمد،300سے زائد گھر خالی، پورا علاقہ ہائی الرٹ

لندن(جانو ڈاٹ پی کے) برطانیہ کے شہر فالمتھ میں دوسری جنگِ عظیم کے زمانے کا مشتبہ بم ملنے کے بعد خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی، حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت 300 سے زائد گھروں کو خالی کرا لیا جبکہ علاقے میں بم ڈسپوزل ماہرین کی ٹیم پہنچ گئی۔

حکام کے مطابق فالمتھ ڈاکس کے قریب پانی میں تقریباً 250 کلوگرام وزنی امریکی ساختہ بم کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد ممکنہ خطرے کے پیش نظر علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

ڈیوون اینڈ کارنوال پولیس اور کارنوال کونسل نے جائے وقوعہ کے گرد تقریباً 750 میٹر کا حفاظتی حصار قائم کیا اور اس حدود میں رہائش پذیر شہریوں سے فوری طور پر اپنے گھر خالی کرنے کی اپیل کی۔

حکام اور امدادی عملہ گھر گھر پہنچ کر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مدد کر رہا ہے، جبکہ متاثرہ افراد کے لیے کِلی گریو اسٹریٹ میں آل سینٹس چرچ کے مقام پر عارضی استقبالی مرکز قائم کیا گیا ہے۔

بم ڈسپوزل ماہرین مشتبہ بم کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس کی نوعیت اور ممکنہ خطرے کا تعین کیا جاسکے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں اور ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

مشتبہ بم کی دریافت کے بعد ابتدائی طور پر زمین اور سمندر میں 150 میٹر کا حفاظتی حصار قائم کیا گیا تھا، تاہم بعد میں حفاظتی دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسے تقریباً 755 میٹر تک کردیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور بم ڈسپوزل ماہرین کی کارروائی مکمل ہونے تک علاقے میں حفاظتی اقدامات برقرار رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button