امن و امان کی صورتحال، ایف پی ایس سی نے بڑے امتحانی شیڈول پر بریک لگا دی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے امن و امان کی صورتحال اور ممکنہ سڑکوں کی بندش کے پیش نظر 24 اور 25 ستمبر کو شیڈول انٹرویوز ملتوی کردیئے۔ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کے مطابق لاہور، اسلام آباد اور پشاور سینٹرز میں 24 اور 25 ستمبر کو ہونے والے انٹرویوز ملتوی کیے گئے ہیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سڑکوں کی بندش اور امن و امان کی صورتحال کے باعث انٹرویوز کے لیے آنے والے امیدواروں کو ممکنہ مشکلات کا سامنا ہوسکتا تھا، جس کے پیش نظر انٹرویوز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ایف پی ایس سی کے مطابق وائس پرنسپل گریڈ 18، ایکس ایف جی اسکولز و ایف ڈی ای اور سینئر ایلیمنٹری ٹیچر گریڈ 16، اسلام آباد ماڈل اسکولز کے لیے شیڈول انٹرویوز بھی ملتوی کیے گئے ہیں۔کمیشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ انٹرویوز کی نئی تاریخوں سے متعلق آئندہ جاری ہونے والے نوٹس سے آگاہ رہیں۔



