میر رضا کیس میں بڑا موڑ،ڈاکٹر سمیہ کی شکایت پر این سی سی آئی اے کو تحقیقات کا حکم

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)میر رضا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، جوڈیشل کمیشن نے پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ کے خلاف مبینہ منفی سوشل میڈیا مہم کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

جیو نیوز کے مطابق کمیشن نے تحقیقات کے لیے ایک سینئر افسر مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، جبکہ ڈاکٹر سمیہ اور ڈاکٹر اسامہ کے درمیان ہونے والے پیغامات کے تبادلے کی فارنزک جانچ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز کی کارروائی کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر سمیہ نے شکایت کی تھی کہ ڈاکٹر اسامہ کی ایما پر ان کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی گئی۔

حکم نامے کے مطابق کمیشن نے قرار دیا کہ ڈاکٹر اسامہ کی مبینہ کوششوں کا مقصد جوڈیشل کمیشن کے وقار کو نقصان پہنچانا اور اسے متنازع بنانا ہے، جبکہ ڈاکٹر سمیہ کو ہراساں کرنا ناقابل قبول ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر سمیہ نے کمیشن کو دی گئی درخواست میں ڈاکٹر اسامہ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ان کی گفتگو کے بعض حصے ایڈٹ کرکے مخصوص میڈیا چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو فراہم کیے۔

ڈاکٹر سمیہ نے کمیشن کو مکمل گفتگو فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے تاکہ اصل مواد کی جانچ کرکے حقائق سامنے لائے جاسکیں۔

مزید خبریں

Back to top button