راولپنڈی میں سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کا فیصلہ، محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاق سے رجوع کرلیا

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)راولپنڈی ریجن میں 27 ستمبر سے مخصوص مقامات پر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلے میں راولپنڈی کے مخصوص مقامات پر 2G، 3G اور 4G نیٹ ورک سگنلز کی معطلی/جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق اٹک کے مخصوص علاقوں میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی اور اٹک کے نشاندہی کردہ مقامات پر یہ پابندی 27 ستمبر سے نافذ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ سگنلز کی معطلی کا فیصلہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت حساس مقامات پر سروسز محدود کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔



