لاڑکانہ میں کار پر مسلح افراد کی فائرنگ،4افراد جاں بحق،ایک زخمی

لاڑکانہ (جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میں سول لائن تھانے کی حدود لاہوری محلے میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
فائرنگ کے واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، جس میں مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کو کار پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کو کھوکھر برادری کے درمیان جاری پرانے تنازعے سے جوڑا جا رہا ہے۔ نوڈیرو کے گاؤں میرواہ میں کھوکھر برادری کے درمیان سابقہ تنازعہ چلا آرہا تھا۔واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 4 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری ہر صورت یقینی بنائی جائے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔



