بیرونِ ملک سفر کرنے والوں کیلئے بڑا اعلان، کراچی ایئرپورٹ پر 24 گھنٹے ویکسینیشن سینٹر فعال

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بین الاقوامی مسافروں کیلئے ویکسینیشن سینٹر کو 24 ستمبر سے 24 گھنٹے فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کے مطابق ایئرپورٹ ہیلتھ قرنطینہ اسٹار گیٹ کے قریب سول ڈسپنسری میں انٹرنیشنل ٹریولر ویکسینیشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جہاں مسافروں کو ان کی منزل، ٹرانزٹ اور سفری شیڈول کے مطابق درکار ویکسین فراہم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق بیرونِ ملک سفر سے قبل پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کیلئے قابلِ اطلاق ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر میننجائٹس ویکسین کی فیس 2 ہزار 785 روپے جبکہ انفلوئنزا ویکسین کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی مسافروں کو پولیو ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔
ایڈوائزری کے مطابق انفلوئنزا ویکسین ایک سال کی عمر سے جبکہ میننجائٹس ویکسین 12 سال کی عمر سے لگائی جاسکتی ہے، جبکہ پولیو ویکسین سال میں ایک مرتبہ لازمی ہوگی۔
حکام کے مطابق حاملہ خواتین کو موجودہ انتظامات کے تحت صرف انفلوئنزا ویکسین دی جائے گی، جبکہ دودھ پلانے والی مائیں تینوں ویکسین لگوا سکتی ہیں۔
بائیومیٹرک تصدیق میں دشواری کی صورت میں مسافر کو مجاز عملے کے پاس بھیجا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر دستی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جاسکے گا۔ نادرا، پاک آئی ڈی یا ای سہولت کی ادائیگی کی رسید 90 روز تک قابل استعمال ہوگی۔
بارڈر ہیلتھ سروسز نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی شہری ان ویکسینیشن تقاضوں سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ سعودی عرب جانے والے مسافروں کی ویکسینیشن کی تصدیق کیلئے ٹریول ایجنٹس کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔



