لاڑکانہ میں کار پر مسلح افراد کی فائرنگ، 4 افراد جاں بحق، ایک زخمی

لاڑکانہ(احسان جونیجو\جانوڈاٹ پی کے) سول لائن تھانے کی حدود لاہوری محلے میں موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
مرنے والوں میں نوڈیرو حسن واہن کے رہائشی اللہ ورایو، بھائی منصور علی، علی شیر اور کار ڈرائیور محب علی شامل ہیں، حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس کے مطابق کھرکھر برادری کے دو فریقین میں زمینی تنازع تھا قتل اسی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتے ہیں.
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور لاڑکانہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور واقعے کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔



