ٹرمپ کی ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی پر برنی سینڈرز کا سخت ردعمل، جنگ ختم کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی گئی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کانگریس سے ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

برنی سینڈرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹرمپ کی تقریر کا کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عوام کو تباہ کرنے کی بات نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ٹرمپ کی ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی کو ’’جنگی جرم‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے ’’بربریت‘‘ سے تعبیر کیا۔

سینڈرز کا کہنا تھا کہ امریکا کو ایسی کارروائی یا بیانات کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ ان کے مطابق ایران میں جاری امریکی جنگ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، اس لیے کانگریس کو اسے فوری طور پر ختم کرنا چاہیے۔

دوسری جانب ٹرمپ نے 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران ایران کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکا کے سامنے معاہدے یا ایران کے خلاف مزید سخت کارروائی کے درمیان فیصلہ کرنے کا معاملہ موجود ہے۔

ٹرمپ نے تاہم اپنے خطاب میں امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی معاہدے کے امکان کا بھی ذکر کیا۔ امریکی حکام کے مطابق جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر ایران کے ساتھ رابطوں اور مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔

ایران کے معاملے پر امریکی سیاست میں اختلافِ رائے بھی سامنے آیا ہے، جہاں بعض ارکان کانگریس فوجی کارروائی اور صدر کے اختیارات پر سوالات اٹھا رہے ہیں، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ ایران سے متعلق اپنی پالیسی اور اقدامات کا دفاع کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button