شہباز شریف کی بوسنیا کے صدارتی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعاون، دفاع، ہنرمند افرادی قوت کے تبادلے، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا۔ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے ساتھ پاکستان کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط کو تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع البنیاد شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کا استحکام ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال بوسنیا و ہرزیگووینا سے وابستہ ہے۔

شہباز شریف نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے یورپی یونین میں شمولیت کے مذاکرات کے باضابطہ آغاز پر ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ کو مبارکباد بھی دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بوسنیا و ہرزیگووینا کو یورپی اور مغربی بلقان کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لیے تجارت اور علاقائی روابط کے ممکنہ مرکز کے طور پر دیکھتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور حالات معمول پر لانے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کے اقدام کی مبینہ غیر قانونی حیثیت سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی بھی حمایت کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی رابطے جاری رکھنے اور مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button