میٹل ڈیٹیکٹر سے صرف20منٹ کی تلاش، زمین سے3ہزار سال پرانا سونے کا کنگن نکل آیا

گوائنیڈ (جانو ڈاٹ پی کے)ویلز میں میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کے دوران ایک شخص کے ہاتھ تقریباً 3 ہزار سال قدیم سونے کا نایاب کنگن لگ گیا، جس کی ممکنہ مالیت 20 ہزار پاؤنڈ تک بتائی گئی ہے۔
شمالی ویلز کی کاؤنٹی گوائنیڈ کے علاقے لانووخلین میں ادریس تھامس زرعی زمین پر میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کر رہے تھے کہ صرف 20 منٹ بعد ان کے آلے نے زمین میں کسی دھاتی شے کی موجودگی کا سگنل دیا۔ادریس تھامس نے زمین کھودنا شروع کی تو انہیں مٹی کے اندر سے چمک دکھائی دی۔ ابتدا میں انہیں گمان ہوا کہ شاید یہ ٹِن فوائل کا ٹکڑا ہے، تاہم قریب سے دیکھنے پر سونے کی جھلک نظر آئی تو وہ حیران رہ گئے۔ماہرین نے بعد ازاں تصدیق کی کہ دریافت ہونے والا کنگن کانسی کے دور سے تعلق رکھتا ہے اور اس میں تقریباً 92.8 فیصد خالص سونا موجود ہے۔ماہرین کے مطابق قدیم سونے کے اس کنگن کی ممکنہ مالیت 15 ہزار سے 20 ہزار پاؤنڈ کے درمیان ہے۔ انکوائری کے بعد اسے باقاعدہ طور پر ’’خزانہ‘‘ قرار دے دیا گیا۔ایک محقق نے اس دریافت کو انتہائی شاندار قرار دیتے ہوئے اسے تاریخی اہمیت کی دریافت قرار دیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ادریس تھامس نے میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاش کا شوق محض دو سال قبل شروع کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس غیر معمولی دریافت پر وہ بے حد حیران اور خوش ہیں اور اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔



