تھرپارکر میں ممنوعہ درختوں کی کٹائی، لکڑی سے بھرے ٹرک روانہ، بھتہ وصولی کے الزامات

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع کے مختلف علاقوں سے کنڈی، کونبھٹ اور جال سمیت مختلف ممنوعہ درختوں کی مبینہ کٹائی کے بعد لکڑی سے بھرے ٹرک رات کے وقت مختلف راستوں سے ونگو موڑ کی جانب روانہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق وائلڈ لائف اور محکمہ جنگلات سے وابستہ بعض اہلکاروں پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر فی گاڑی بھتہ وصول کرواتے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ونگو موڑ پر مبینہ طور پر بعض نجی افراد مقرر کیے گئے ہیں، جو تھرپارکر کے مختلف علاقوں سے ممنوعہ درختوں کی لکڑیوں سے بھری گاڑیوں سے مبینہ طور پر فی گاڑی رقم وصول کرتے ہیں، جس کے بعد یہ گاڑیاں کراچی کی جانب روانہ ہوتی ہیں۔مقامی رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اعلیٰ حکام معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران الزامات ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ واضح رہے کہ مذکورہ الزامات باخبر ذرائع اور مقامی رہائشیوں کے دعووں پر مبنی ہیں، جبکہ ایسی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔



