پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں،زیر حراست ارکان پارلیمنٹ کی تعداد6ہوگئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور ارکان پارلیمنٹ کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، اسلام آباد پولیس نے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کو بھی گرفتار کرلیا، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت سے زیر حراست ارکان پارلیمنٹ کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والے ارکان میں عادل بازئی، سینیٹر سیف اللہ نیازی، ثنا اللہ مستی خیل، میاں جمال احسن خان، داور خان اور محمد غوث شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق زیر حراست ارکان کو تھری ایم پی او کے تحت جہلم جیل منتقل کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ادھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں۔ عدالت میں دائر درخواستوں میں تینوں کی نظر بندی کے احکامات کو چیلنج کیا گیا ہے۔



