پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کل سے شروع ہوں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اگلے جائزوں کے لیے مذاکرات کل سے شروع ہوں گے، جو تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق توسیعی فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایف) اور کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے جائزے بیک وقت کیے جائیں گے۔ مذاکرات کے دوران گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی میں پروگرام کے تحت پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ایف ایف پروگرام کے تحت چوتھے جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت تیسرے جائزے کے لیے بات چیت ہوگی۔

مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں دونوں پروگراموں کے تحت پاکستان کو آئندہ اقساط جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ ای ایف ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو پانچویں قسط ملنے کی توقع ہے، جبکہ کلائمٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت بھی اگلی قسط کی مد میں فنڈز جاری کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے دونوں پروگراموں کے تحت اب تک مجموعی طور پر 4 ارب 60 کروڑ ڈالر موصول ہوچکے ہیں۔

پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے ساتھ بیک وقت دو قرض پروگراموں میں شامل ہے، جن میں 7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا توسیعی فنڈ فیسلیٹی پروگرام اور ایک ارب 40 کروڑ ڈالر مالیت کا کلائمٹ فنانسنگ پروگرام شامل ہے۔

مزید خبریں

Back to top button