عاصم منیر کی فوجی دستوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فوجی دستوں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی، خیبر پختونخوا میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز اور سرحدی انتظام بارے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل کو سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے افسران و جوانوں کی ثابت قدمی کو سراہا۔

فیلڈ مارشل نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے کے عزم پر قائم ہیں، ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے مسلح افواج پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

مزید خبریں

Back to top button