ٹرمپ کا روس یوکرین جنگ فوری ختم کرنے پر زور، ڈیزل ریفائنریوں کی تباہی کادعویٰ

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ کے نتیجے میں روس اپنی ڈیزل آئل انڈسٹری پر کنٹرول کھو رہا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ روس کی متعدد ڈیزل ریفائنریز تباہ ہو چکی ہیں اور کم از کم عارضی طور پر بند ہیں۔ ان کے مطابق روس اور یوکرین کی جنگ کے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں اور ہر ماہ تقریباً 25 ہزار افراد، جن میں اکثریت فوجیوں کی ہے، ہلاک ہو رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ ’’بے مقصد اور نہ ختم ہونے والی‘‘ جنگ ہے جسے ختم ہونا چاہیے۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی یوکرین پر زور دے چکے ہیں کہ وہ روسی آئل ریفائنریوں کو نشانہ نہ بنائے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایسے حملوں سے عالمی سطح پر ڈیزل کی سپلائی اور قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں میڈیا کی رسائی سے متعلق تنازع پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ آزاد صحافت کے خلاف نہیں بلکہ جعلی خبروں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں جعلی خبریں ’’کینسر‘‘ کی طرح پھیل چکی ہیں اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہیں، اس لیے جعلی خبروں کا سلسلہ فوری طور پر روکنا ہوگا۔



