عوام کو جینے دیں،لیوی بھتہ ختم کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری طرف سے حکومت کے سامنے صرف ایک بات رکھی گئی ہے کہ عوام کو جینے دیا جائے اور پٹرولیم لیوی کی صورت میں عائد بھتہ ختم کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور مذاکرات میں بھی یہی بات کی گئی ہے کہ لیوی ختم کی جائے۔ اگر بات چیت کامیاب ہوئی تو ٹھیک، ورنہ ہم آگے بڑھ ہی چکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے احتجاج کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، پہلا مرحلہ گزار دیا گیا ہے۔ ملتان پہنچیں گے جبکہ بلوچستان سے بھی مارچ شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ پہاڑوں اور میدانوں سے آ رہے ہیں، جبکہ حکومت کے پاس ایک ہی گنجائش ہے کہ وہ پٹرولیم لیوی ختم کرے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم لیوی کا خاتمہ ضروری ہے، اسی مطالبے کے ساتھ جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔



