آبنائے ہرمز میں ایل پی جی ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل کے ملبے سے نقصان

مسقط (جانو ڈاٹ پی کے) آبنائے ہرمز سے خلیج عمان کی جانب روانہ ہونے والے ایل پی جی ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل کے ملبے سے نقصان پہنچ گیا، تاہم جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ رہا۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق واقعے کی اطلاع ٹینکر کے کپتان کی جانب سے تاخیر سے موصول ہوئی۔ کپتان نے بتایا کہ جہاز آبنائے ہرمز سے باہر نکل رہا تھا کہ نامعلوم پروجیکٹائل کی زد میں آگیا۔
رپورٹ کے مطابق بظاہر میزائل معلوم ہونے والے پروجیکٹائل کا ملبہ ایل پی جی ٹینکر پر گرا، جس کے باعث جہاز کو نقصان پہنچا۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ پروجیکٹائل کس نے اور کہاں سے داغا تھا، جبکہ یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ اسے فضا میں کس طرح تباہ کیا گیا اور اس کا ملبہ ٹینکر تک کیسے پہنچا۔
برطانوی میری ٹائم ادارے کے مطابق واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں سمندر میں تیل یا کسی دوسرے نقصان دہ مواد کے اخراج کی بھی اطلاع نہیں ملی، جس کے باعث ماحولیاتی نقصان نہیں ہوا۔
نقصان کے باوجود ایل پی جی ٹینکر نے اپنے اگلے بندرگاہی مقام کی جانب سفر جاری رکھا، جبکہ متعلقہ حکام واقعے کی وجوہات اور نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔
برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر تجارتی جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان اور عملہ علاقے میں کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے دوران تجارتی جہازوں کی آمدورفت پہلے ہی سکیورٹی خدشات سے متاثر ہے، ایسے میں ایل پی جی ٹینکر کو نقصان پہنچنے کے تازہ واقعے نے اہم بحری راستے کی سلامتی سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے ہیں۔



