بدین کے 4 تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر سینٹرز قائم، AI اور گرافک ڈیزائننگ کی مفت تربیت دی جائے گی،ڈاکٹر خالدہ سکندر

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)بدین کے سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید کمپیوٹر سینٹرز قائم، طلبہ کو مفت تربیت دینے کا آغاز
بدین: سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ماروی ایسوسی ایشن آف بدین نے امریکی ادارے جگنو کے تعاون سے کمپیوٹر سینٹرز کے قیام کا آغاز کر دیا۔ پہلے مرحلے میں ٹنڈوباگو ہائر سیکنڈری اسکول، ہائر سیکنڈری اسکول کڈھن، اسلامیہ سائنس ڈگری کالج بدین سمیت چار تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں
اسلامیہ سائنس ڈگری کالج بدین میں کمپیوٹر سینٹر کا افتتاح سینیٹر ڈاکٹر خالدہ سکندر میندھرو نے کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل خادم حسین مخدوم اور دیگر اسٹاف نے انہیں بریفنگ دی۔ ڈاکٹر خالدہ سکندر میندھرو نے کہا کہ موجودہ دور کمپیوٹر اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے، اس لیے طلبہ کے لیے صرف کمپیوٹر چلانا کافی نہیں بلکہ مختلف ایپلی کیشنز اور جدید پروگرامز میں فنی مہارت حاصل کرنا بھی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ان کمپیوٹر سینٹرز میں اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ اسکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو بھی مفت کمپیوٹر تعلیم فراہم کی جائے گی۔ طلبہ کو مصنوعی ذہانت (AI)، گرافک ڈیزائننگ اور دیگر جدید ایپلی کیشنز کے استعمال کی عملی تربیت دی جائے گی۔
اس موقع پر کالج انتظامیہ نے ڈاکٹر خالدہ سکندر میندھرو کو کالج کا دورہ کرایا اور عمارت کے مرمتی کام کی سست رفتاری سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر خالدہ سکندر میندھرو نے کالج انتظامیہ اور اساتذہ کو یقین دلایا کہ مسائل کے حل اور زیرِ تکمیل تعمیراتی و مرمتی کام جلد مکمل کرانے کے لیے متعلقہ اعلیٰ حکام اور صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپیوٹر سینٹرز کے کامیاب آغاز کے بعد دیگر تعلیمی اداروں میں بھی ایسے مراکز قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی



