خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی زمینی و فضائی کارروائی، 37 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں اور افغانستان سے ملحقہ سرحدی مقامات پر زمینی و فضائی کارروائیوں کے دوران 37 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشت گرد حملوں کے بعد کوہاٹ، ہنگو اور ٹل کے علاقوں میں 20 ستمبر کو انٹیلی جنس بیسڈ زمینی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق کارروائی کے بعد دہشت گرد تنظیموں کے ٹھکانوں اور مبینہ محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف محدود اور ہدفی فضائی کارروائیاں بھی کی گئیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران خودکش بمباروں کے تربیتی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق سرحدی علاقے میں کی گئی کارروائی میں متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔
وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو درپیش دہشت گردی کا خطرہ افغانستان سے جنم لے رہا ہے اور شہریوں کا تحفظ و سلامتی ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے ہر ممکن احتیاط برتی گئی۔
وفاقی وزارت اطلاعات کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔



